جاگو جگاؤ

پیارے بچو!  امید ہے کہ آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ کتابی شکل میں روشنی میگزین کا دوسرا شمارہ ایک نئے جوش اور عزم کے  ساتھ حاضر ہے۔ زندگی میں کسی کام کا آغاز بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہمارے بہت  سے کام محض اس وجہ سے حقیقت کا روپ نہیں دھارتے کیونکہ ہم اس کا آغاز ہی نہیں کر پاتے۔ کسی سیانے کا قول ہے کہ  آدھا سفر  تو پہلا قدم اٹھانے سے ہی طے ہو جاتا ہے۔ اسی بارے میں قائد اعظم محمد علی جناح کا ایک فرمان بھی ہماری خوب رہنمائی کرتا  ہے کہ کوئی بھی  فیصلہ کرنے  سے پہلے سو مرتبہ سوچیں اور جب ایک بار فیصلہ  کر  لیں  تو اس پر  ڈٹ جائیں، یعنی اسے اپنی محنت، کوشش  اور مستقل مزاجی سے پایہ  تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیں۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے  نئی  نسل کی شخصیت سازی اور کردار سازی کے لیے  سات ماہ  قبل روشنی میگزین کی شکل میں  پہلا قدم اٹھایا اور پاکستان میں بچوں کے پہلے ڈیجیٹل میگزین کی بنیاد رکھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور آپ سب کی دعاؤں سے ہمارا یہ پہلا قدم آن لائن سے بڑھ  کر طباعتی طور پر  بھی میگزین کی شکل میں اب ہر ماہ آپ کے ہاتھوں کی زینت بن رہاہے۔ ہم نے کوشش کی ہے  کہ اگر پہلے شمارے میں کوئی کمی رہ گئی ہو  تو اس شمارے میں اس کو درست کر لیں، لیکن بہرحال بہتری کا سفر ایک ارتقائی عمل ہے، ہم بتدریج اس میں بہتری لاتے رہیں گے۔ آپ سے بھی گزارش ہے کہ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کی اس کاوش سے مستفید ہوتے رہیں اور دوسروں کو بھی آگاہ کرتے رہیں ، کیوں کہ ایسی مثبت اور موثر کاوشوں کو کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ  داری ہے۔

مارچ کا مہینہ یوم پاکستان کے حوالے سے  جانا جاتا ہے۔ 23 مارچ ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا  ہے۔ قرارداد لاہور  نے برصغیر کے  مسلمانوں کو عظیم مقصد کے لیے متحد  کیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح،  علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔ اس دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم ترملک بنائیں گے، دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کوترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرے۔

خوش رہیں، خوشیاں  بانٹیں۔ پڑھیں اور پڑھائیں۔ علم اور کامیابی کی روشنی آپ کا مقدر بنے۔

شیئر کریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •